مولانافضل الرحمان کے آزادی مارچ کے لئے جے یو آئی ف نے کیا تیاریاں کی ہیں؟

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان  کے 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی جانب حکومت مخالف مارچ کا اعلان کے ساتھ  ہی جمعیت علمائے  اسلام ف کی طرف سے تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہناہے کہ مولانا فضل الرحمن کے آزادی مارچ کے لئے 4 کنٹینرز تیار کرلئے گئے ہیں۔ چار بلٹ پروف گاڑیاں بھی ہمہ وقت تیار ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آزادی مارچ کے لئے تیار کئے گئے چار کنٹینرز کی تزئین و آرائش کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔

آزادی مارچ کے چاروں کنٹینرز کو بلٹ پروف بنایا گیا ہے،کنٹینرز میں مولانا فضل الرحمن کے لئے مختلف سہولیات کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔کنٹینرز کے اندر ائر کنڈیشنڈ  ہیں اورہوا دار بھی بنائے گئے ہیں،اس کے ساتھ ساتھ ان کنٹینرز میں سردی سے بچنے کا انتظام بھی موجودہے۔

کنٹینرز میں واش رومز اور سونے کے لئے بیڈ رکھنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ ہر کنٹینر میں 12 افراد کے بیٹھنے کا اہتمام ہوسکے گا۔

ذرائع کا کہناہے کہ لائٹس، اور کچن کا بھی کنٹینر میں اہتمام کیا گیا ہے،چاروں کنٹینرز کو ملک کے چار مختلف مقامات پر خفیہ رکھا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن 27 اکتوبر کو کنٹینر پر سوار ہوں گے۔

واضح رہے کہ  جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے 27اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کردیاہے ۔

یہ بھی پڑھیے: مولانافضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کا اعلان کردیا

انہوں نے یہ اعلان آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کیا ۔


متعلقہ خبریں