کے پی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کر گئی

کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 255 نئے کیسز رپورٹ

فوٹو: فائل


خیبرپختونخوا/ لاہور: ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں انتہائی تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ حکومتی اقدامات تاحال ڈینگی کی روک تھام میں ناکافی دکھائی دے رہے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں، ان کے عزیز و اقارب اور عوام الناس میں تشویش پائی جاتی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے ڈینگی کے 110 نئے مریضوں کو اسپتالوں میں لایا گیا جس کی وجہ سے کل مریضوں کی تعداد 4117 ہوگئی ہے۔ صوبے کے مختلف اسپتالوں میں اس وقت 203 مریض زیرعلاج ہیں۔

‘جب کوئی ڈینگی سے مرتا ہے تو لاکھوں شہباز شریف کو یاد کرتے ہیں’

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے مریضوں میں سے 34 پشاور کے رہائشی ہیں۔ اس طرح پشاور سے تعلق رکھنے والے مریضوں کی کل تعداد 2004 ہوگئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مانسہرہ اور مردان سے  تعلق رکھنے والے 13/13 مریضوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جب کہ صوابی کے گیارہ رہائشیوں میں بھی ڈینگی کے مرض کی تصدیق کی گئی ہے۔

دستیاب اعداد وشمار کے مطابق شانگلہ سے سات، ڈی آئی خان اور کوہستان سے پانچ / پانچ مریضوں میں ڈینگی کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا کے دیگر سات اضلاع کے اعداد و شمار تاحال دستیاب نہیں ہوسکے ہیں جس کی وجہ سے معلوم نہیں ہے کہ وہاں کے رہائشیوں کی کیا صورتحال ہے؟

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ 217 نئے مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔ اسپتال سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق صحتیابی کے بعد 178 مریضوں کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمارکے مطابق راولپنڈی کے 169، لاہور کے 14، شیخوپورہ کے تین، ملتان کے چار، مظفر گڑھ کے پانچ، گجرات کے پانچ، حافظ آباد کے ایک، سیالکوٹ کے ایک، پاکپتین کے دو، سرگودھا کے تین، لیہ کے ایک، اٹک کے ایک، ساہیوال کے پانچ، ٹوبہ ٹیک سنگھ کے ایک، جھنگ کے ایک اور میانوالی کے ایک شہری میں ڈینگی وائرس پائے جانے کی تصدیق کے بعد علاج معالجے کے لیے مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے۔

راولپنڈی، ڈینگی مریضوں کو لگنے والی ڈرپس کا اسٹاک کم پڑ گیا

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد، گوجرانوالہ، جہلم اورمنڈی بہاؤ الدین سے کسی نئے مریض نے اسپتالوں کا رخ نہیں کیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق صوبہ پنجاب میں زیر علاج مریضوں میں سے چھ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں منتقل کردیا گیا ہے جب کہ دیگر تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ہم نیوز کے مطابق ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ (DEAG) کا کہنا ہے کہ پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے تین اکتوبر تک ڈینگی کی وجہ سے 9 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

پنجاب کے محکمہ صحت کے مطابق رواں سال ڈینگی سے متاثرہ  4547 مریضوں نے اسپتالوں کا رخ کیا جن میں سے 3925 صحتیابی کے بعد اپنے گھروں کو واپس بھی جا چکے ہیں جب کہ باقی زیرعلاج ہیں۔


متعلقہ خبریں