آزادی مارچ: ’ن لیگ مولانا کے ساتھ نہیں ہوگی‘

ن لیگ کے دو ٹکڑے ہوگئے ، شیخ رشید


کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آزادی مارچ کریں گے تاہم مسلم لیگ نواز ان کے ساتھ نہیں ہوگی۔

کراچی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر پانچ افراد کو این آر او مل جاتا تو کوئی مارچ نہیں ہوتا۔

ان کا کہنا تھا کہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیسے کیا۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے صدر شہباز شریف مارچ کا حصہ نہیں بنیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے دو ٹکڑے ہوگئے ہیں، شہبازشریف کی کمر کا درد سب کو پتہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی سیاست مختلف ہے جبکہ شہباز شریف اور نواز شریف کی سیاست بھی مختلف ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ لاہور کی جیل میں ایک بچی سے موبائل فون برآمد کیا گیا ہے جس میں بڑی اہم معلومات موجود ہیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کسی کو بھی این آر او نہیں دوں گا، وہ اور آرمی چیف ایک ہی گاڑی کے دو پہیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے فضل الرحمان نے کشمیر سے اظہار یکجہتی تو کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، یقین ہے وہ سیاست دانوں کو ڈیل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں بہت زیادہ ڈینگی ہے، مولانا فضل الرحمان نہ ہی آئیں تو اچھا ہے۔


متعلقہ خبریں