27 فروری کو ہم نے ہی اپنا ہیلی کاپٹر گرایا، بھارتی فضائیہ کا اعتراف


نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے سربراہ راکیش کمار نے اعتراف کیا ہے کہ 27 فروری کو ان کی ’بڑی غلطی‘ کے باعث ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں چھ اہلکار ہلاک ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے تحقیقات کو مکمل کرلیا گیا ہے جس میں پایا گیا کہ ہمارے اپنے میزائل نے غلطی سے ہیلی کاپٹر کو ہدف بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اعتراف کررہے ہیں کہ یہ ہماری غلطی تھی اور ہم دو افسران کے خلاف کارروائی بھی کریں گے اور یقینی بنائیں گے کہ ایسا حادثہ مستقبل میں نہ ہو۔

بھارت کا  ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر مقبوضہ کشمیر کے ضلع بڈگام میں گر کر تباہ ہوا تھا۔

27 فروری کو بھارتی طیاروں نے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی تھی جس پر پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں بھارت کے دو طیارے تباہ ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 27 فروری کو کشیدہ صورتحال کے باعث مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورس اپنے ائر میزائل یونٹس کے ساتھ کسی بھی پاکستانی حملے کو روکنے کے لیے انتہائی الرٹ تھی۔ اسی وقت سرینگر ائرپورٹ کے قریب ائر ڈیفنس کے ریڈار کی اسکرین پر نچلی پرواز دیکھی گئی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ائر بیس کے چیف آپریشن افسر نے پرواز کرتے ہیلی کاپٹر کو دیکھنے کے بعد ہو سکتا ہے کہ فائر کا حکم دیا ہو اور وہ شناخت کرنے والے نظام سے شناخت نہ کر سکا ہو۔

آئی ایف ایف سسٹم کے ذریعے زمین سے ملنے والے سگنلز کو سنا جاتا ہے اور پھر ایک منفرد سگنل کے ذریعے جواب دیا جاتا ہے جسے دوستانہ سگنلز قرار دیتے ہیں۔

اس سسٹم کو خاص طور پر جنگی کشیدگی کے دوران فرینڈلی فائر سے بچنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہاں یہ واضح نہیں کہ جب ہیلی کاپٹر پر فائر کیا گیا تو اس کا آئی ایف ایف کا سوئچ آف تھا یا پھر وہ کام نہیں کر رہا تھا۔


متعلقہ خبریں