’ راناثنااللہ کے خلاف ٹرائل شروع نہیں ہوا ،ثبوت کیسے دیں؟‘

وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور گورنرسندھ عمران اسماعیل کی کراچی میں میڈیا سے گفتگو


فیصل آباد: وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہاہے کہ راناثنااللہ کے خلاف ٹرائل شروع نہیں ہوا ثبوت کیسے دیں؟ٹرائل شروع ہونے دیں ایک ایک ثبوت پیش کریں گے۔

فیصل آباد میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں وزیر مملکت نے دعوی کیا کہ  ٹرائل میں تمام چیزیں سامنے رکھی جائیں گی،3ہفتے تک راناثنا اللہ کی گاڑی کا تعاقب کیا گیا،اے این ایف کے پاس سب کچھ موجو د ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انتقامی کارروائی ہوتی تو راناثنااللہ کو میڈیا سے بات  نہ کرنے دیتے،اگر سختی کرنا ہوتی تو ہر پیشی پر عدالت کے باہر خطاب نہ کرتے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو عزت دیں قوم خود ترقی کرےگی،ہم فون کال اور ڈومور پر چلنے والی حکومت نہیں ہیں۔ قوم دیکھے گی پاکستان خطے کی قیادت کرےگا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن چاہتا ہے،خطے میں قیام امن کےلیےہر قدم اٹھائیں گے،ملک کی عسکری اور سیاسی قیادت ایک پیج پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی خدمت کرنے کےلیے حکومت میں آئے،قوم کاپیسہ لوٹنے والوں کونشان عبرت بنائیں گے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے کشمیر پر پاکستان کا موقف سنا،50 سال بعد پوری دنیا نےدیکھا کہ اقوام متحدہ کی 11 قراردادیں سرد خانے میں تھی،انڈیا نے پورا زور لگایا مگر ویٹو نہیں کروا سکا،آج پوری دنیا پاکستان کے موقف کی تائید کر رہی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ یورپ میں بھی کشمیر کے حوالے سے بات ہو رہی ہے،370 آرٹیکل اور 35 اے خاتمہ غیر قانونی و غیر اخلاقی ہے۔

شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان ہر صورت حال کیلئے تیارہے،جنگ ہوئی تو مکمل جنگ ہو گی دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں،وزیر اعظم نے دنیا کو بتایا کہ اس مسئلے پر پوری دنیا متاثر ہو گی۔

مولانافضل الرحمان کے ’آزادی مارچ ‘ سے متعلق سوال کے جواب میں شہر یار آفریدی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی عزت کرتا ہوں،تربیت میں شامل ہے کہ بزرگوں کی عزت کریں۔

یہ بھی پڑھیں: تین ہفتے تک رانا ثنا اللہ  اور انکی گاڑی کی نگرانی کی گئی ، شہریار آفریدی

انہوں نے کہا کہ مولانا بتائیں 30 سالوں میں کیا کیا؟ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے کمشیر کیلئے کیا کیا؟ دین اسلام اور مدارس کیلئے کیا کیا؟

شہریارآفریدی نے کہا مارچ کریں سو بسم اللہ،جن کا یقین اللہ پر ہو مارچوں سے نہیں ڈرتے۔ جتنے لوگ لا سکتے ہو لاؤ اللہ رسوا کرے گا۔

وزیر مملکت نے دعوی کیا کہ تمام علماء اکرام عمران خان کی عزت کر رہے ہیں،لوگ مدرسوں کے بچوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں ہم انہیں کنٹینر ہی نہیں حلوہ بھی دیں گے مگر ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں