پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان  نے یہ بات آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ سالہا سال سے سرکاری خزانے پر بوجھ بننے والے اس ادارے کی بحالی کو ماضی کی حکومتوں کی جانب سے فراموش کیا جانا قوم پر ظلم کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ پاکستان اسٹیل ملز کو بحال کرکے اسے منافع بخش ادارہ بنایا جائے تاکہ جہاں سرکاری خزانے پر ہر ماہ پڑنے والے بوجھ کو ختم کیا جا سکے وہاں ادارے کو فعال بنا یا جائے تاکہ وہ ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکے۔

اجلاس میں مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر نجکاری میاں محمد سومرو، چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز پاکستان اسٹیل ملزعامر ممتاز و دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں اور اس سلسلے میں مختلف آپشنز زیرغور آئے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اسٹیل ملز ملازمین: تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 355 ملین روپے منظور

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کے حوالے سے چین اور روس کی کمپنیوں کی جانب سے دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔


متعلقہ خبریں