اہل لاہور پاک سری لنکا میچ دیکھنے کی تیاریوں میں مصروف


لاہور:لاہوریوں میں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بولنے لگا ،اہل لاہور نے پاک سری لنکا میچز دیکھنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ 

گرین شرٹس خریدنے والوں کا دکانوں پر رش بڑھ گیاجبکہ دونوں ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرنے میں مصروف ہیں۔ انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کے قریب ہیں ، زندہ دلان کے شہر میں پاک سری لنکا ٹی ٹونٹی میلہ سجنے کو تیارہے۔

پسندیدہ کھیل کی اپنی دھرتی میں واپسی پر پرجوش کرکٹ کے دیوانے دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا معرکہ دیکھنے کیلئے خوب تیاریوں میں مصروف ہیں، کوئی سبز رنگ کی شرٹ تو کوئی قومی پرچم سے سجی کیپ خرید کر گراؤنڈ پہنچنے کے لئے پر تول رہا ہے۔

عالمی کرکٹ سے ویران میدان آباد ہونے کے ساتھ ساتھ خوب بکری پر دکاندار بھی خوشی سے پھولے نہیں سماتے ،دکانداروں کا کہنا ہے کہ کئی سالوں کے بعد کرکٹ سے وابستہ اشیاء کے خریداروں کاغیر متوقع اضافہ انتہائی خوش کن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والے میچوں کیلئے ٹریفک پلان جاری

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے ٹی ٹونٹی میچ کی ٹکٹس فروخت ہو چکی ہیں۔ شائقین  کرکٹ کھیل سے لطف اندوز ہونے کیلئے بے تاب ہیں تو ہفتے کے روز ہونے والا مقابلہ جیتنے کی خواہاں حریف ٹیمیں قذافی اسٹڈیم لاہور میں  پریکٹس کرنے میں مگن ہیں۔


متعلقہ خبریں