جھوٹے الزامات لگانے والو اللہ کے غضب سے ڈرو، خواجہ سعد رفیق

ملک دشمن پاکستان پر اور ہم ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں، خواجہ سعد رفیق


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عوامی بالا دستی اور جمہور کی حکمرانی کی جدوجہد کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ ہم نے آئین اورجمہوریت کی آبیاری کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ میں نے ساری زندگی اصولوں کی سیاست کے فروغ کے لیے جدوجہد کی ہے۔ جو چاہے کرلو جمہوریت، آئین اور نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہر طرح کی اخلاقیات سے عاری اور بے حیا شخص ہیں۔ جمہوریت دشمن عناصر کا سب سے بڑا مہرہ عمران خان ہی ہے۔ شور مچا کر سچ کو جھوٹ میں نہیں بدلا جاسکتا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی ٹی آئی میڈیا اور اداروں میں موجود بعض منفی عناصر ہمیں چور، ڈاکو اور غدار ثابت کرنے کے لیے باؤلے ہورہے ہیں اور ہمیں خوفناک انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد اور شفاف جمہوریت کے لئے میرے خاندان نے دو جانیں قربان کی ہیں۔ اب بھی وقت ہے بس کر دیں اور ملک کو میرٹ پر چلنے دیا جائے۔ ملک کے دشمن پاکستان پر اور ہم ایک دوسرے پر حملہ آور ہیں۔

انہوں نے اپنے مخالفین کو باور کرایا کہ کبھی ناجائز کام کیا اور نہ ہی کوئی کرواسکتا ہے، کسی سے محاذ آرائی کی اور نہ ہی کریں گے، بازو مروڑ کر بات منوانے کا طریقہ قبول نہیں ہے۔

 


متعلقہ خبریں