آزادی مارچ :پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب


اسلام آباد:جعمیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے اعلان کردہ  آزادی مارچ کے معاملے پر  پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس آنے والے ہفتے میں ہوگا،کور کمیٹی کے اجلاس کے لیے منگل کا دن موزوں ترین قرار پایا ہے۔ کور کمیٹی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی حکومت مخالف تحریک پر غور کرے گی۔

ذرائع کا کہناہے کہ بلاول بھٹو زرداری کور کمیٹی کو مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات بارے آگاہ کرینگے۔ آصف زرداری سے ملاقات اور ان کی ہدایات کے حوالے سے بھی کور کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔

مسلم لیگ ن سے اب تک ہونے والی گفت و شنید سے بھی بلاول بھٹو کور کمیٹی کو آگاہ کرینگے ،پی پی کے اسیر رہنماؤں اور سندھ حکومت کو درپیش مسائل بھی کور کمیٹی میں زیر بحث آئینگے۔

ذرائع کا کہناہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت مخالف تحریک کی حامی البتہ غیر جمہوری عمل کی مخالف ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی ایسے کسی مارچ یا دھرنا کا حصہ نہیں ہوگی جو جمہوری بساط لپیٹ دے۔

یہ بھی پڑھیے: شہبازشریف ڈبل شاہ نہ بنیں نہ ہی ڈبل گیم کریں، شیخ رشید احمد

پیپلزپارٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، جمہوریت مخالف سازشوں سے دور رہیں گے۔پارٹی یہ بھی سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت نااہل ہے، اس سے نجات کے لیے بھی جمہوری طریقہ کار کے ہی حامی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کور کمیٹی میں مولانا فضل الرحمان کے مارچ اور اس سے منسلک دیگر عوامل پر مکمل غور کیا جائے گا۔پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی مارچ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرے گی۔


متعلقہ خبریں