بارش: سردی شروع،راجن پور میں سیلابی کیفیت،لوگوں کی منتقلی کے اعلانات

بارش: سردی شروع،راجن پور میں سیلابی کیفیت،لوگوں کی منتقلی کے اعلانات

کراچی/ سکھر/ گھوٹکی/ راجن پور: ملک کے مختلف علاقوں میں ہونے والی ہلکی و تیز بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے، حبس کی کیفیت ختم ہوگئی ہے اور ہلکی سردی کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ راجن پور میں بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی کیفیت کے پیش نظر لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کے لیے اعلانات کردیے گئے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق بارش کے سبب گزشتہ شب سے ملک کے مختلف علاقے تاریکی میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ سڑکوں پہ پانی کھڑا ہونے سے شہریوں کو انتہائی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ متعلقہ سرکاری اداروں کے مطابق عملہ شہریوں کو ہونے والی تکلیف کم کرنے کے لیے سرگرداں ہیں اور جلد ہی صورتحال معمول پر آجائے گی۔

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں بارش: گلابی سردی کا آغاز ہوگیا؟

شہر قائد سے موصولہ اطلاع کے مطابق مختلف علاقوں میں رات گئے تیزو ہلکی بارش ہوئی ہے جس کی وجہ سے کچھ مقامات پر پانی جمع ہو گیا ہے۔ بارش کے نتیجے میں بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ہم نیوز کے مطابق گلستان جوہر اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہے جب کہ ملیر کینٹ اور اطراف میں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بارش کے دوران احتیاط ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ بجلی کے تاروں، کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے خود کو دور رکھیں۔

سکھر سے موصولہ اطلاع کے مطابق بارش کے سبب کئی علاقے مکمل طور پرزیر آب آگئے ہیں اور سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جب کہ بجلی کی فراہمی بھی معطل ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان

ہم نیوز کے مطابق بالائی سندھ میں ہونے والی بارش کے سبب سیپکو کے 365 فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں جن کی بحالی کا کام تیز بارش کے سبب رات گئے تک شروع نہیں ہو سکا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر اور لاڑکانہ ڈویژنوں میں آ ج بھی بارش کا امکان ہے۔

گھوٹکی سے ہم نیوز کے نمائندے نے بتایا ہے کہ ڈہرکی میں بارش کے بعد پانی جمع ہوگیا ہے جب کہ تیز بارش اور طوفانی ہواؤں سے گھروں اور دکانوں کی چھتیں بھی اڑ گئی ہیں۔

بسم اللہ ہوٹل گھوٹکی کی چھت گرنے سے پانچ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

گھوٹکی میں واقع شاہی بازار ڈھرکی کی جامع مسجد چوک سمیت مختلف سڑکیں زیر آب ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے جس کی وجہ سے اپنی مدد آپ کے تحت شہری ازخود نکاسی آب کا بندوبست کررہے ہیں کیونکہ شہری انتظامیہ تاحال غائب ہے۔

ہم نیوز کے مطابق راجن پور میں واقع کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں ہونے والی بارش کے نتیجے میں ندی بالوں میں شدید طغیانی کی کیفیت ہے۔

فلڈ کنٹرول روم کے مطابق برساتی نالہ کاہا سلطان سے 50 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزرہاہے جب کہ نالہ چھاچھر سے 15 ہزار کیوسک سیلابی پانی گزرتے ریکارڈ کیا گیا ہے۔

کراچی کے مشہور شاپنگ مال کی چھت بارش کے بعد ٹوٹ گئی

ہم نیوز کے مطابق برساتی نالوں کے راستوں میں آباد لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لیے اعلانات کرکے بتادیا گیا ہے۔

فلڈ کنٹرول روم نے خبردار کیا ہے کہ سیلابی پانی سے لنڈی سیدان، میراں پوراور حاجی پور کے کچھ علاقوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ہم نیوز نے فلڈ کنٹرول روم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ندی بالوں کے حفاظتی بندوں کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے اور تمام ممکنہ حفاظتی تدابیر بھی اختیار کی گئی ہیں۔


متعلقہ خبریں