کراچی: پی ٹی آئی مقامی رہنما کا قتل، نماز جنازہ ادا کردی گئی


کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے مقتول ضلعی نائب صدر آصف ہارون کی نماز جنازہ عزیز آباد میں ادا کر دی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق فائرنگ کا واقعہ عائشہ منزل کے علاقے میں پیش آیا جہاں گزشتہ شام نامعلوم ملزمان نے ٹارگٹ کرکے آصف ہارون کو قتل کردیا۔ واقعہ کے بعد پولیس اور رینجرز کی نفری وہاں پہنچ گئی۔

پولیس حکام کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا نتیجہ ہے جبکہ مقتول کے اہل خانہ کی مدد سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان کا کہنا ہے کہ آصف ہارون کو پہلے بھی قتل کی دھمکیاں  ملتی رہی تھیں۔

پارٹی رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ بظاہر ایسا ہی لگتا ہے کہ کراچی کے کچرے نے تحریک انصاف کے رکن کی جان لے لی ہے۔

خرم شیر زمان نے کہا کہ سندھ حکومت کے کراچی میں امن و امان کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہے اور سندھ حکومت کو صرف سات دن کی مہلت دے رہے ہیں کہ وہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تحریک انصاف کے کارکنان نے شارع پاکستان پر دھرنا دے دیا جبکہ کریم آباد سے عائشہ منزل جانے والا ٹریک ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا تھا۔

وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور آئی جی سندھ کلیم امام  نے ایڈیشنل آئی جی سے واقعہ کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔


متعلقہ خبریں