امریکہ: ستاروں کی کہکشاں میں سجی ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب

امریکہ: ستاروں کی کہکشاں میں سجی ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب

ہیوسٹن: امریکہ کے شہر ہیوسٹن میں ساتویں ہم ایوارڈز کی تقریب سج گئی ہے۔ ستاروں کی کہکشاں سے سجے رنگا رنگ ایوارڈزمیں ہیوسٹن کے میئر سلوسٹر ٹرنر، ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی اور ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی بھی شریک ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق گرین کارپٹ پر پاکستانی شوبزستاروں کے جلوؤں کی بہار ہے اوربیرون ملک مقیم پاکستانی جوق در جوق امریکہ میں منعقد ہونے والے پاکستان کے سب سے بڑے ایوارڈز شو میں شرکت کے لیے نہایت جوش و خروش سے آرہے ہیں۔

این آر جی ایرینا میں جاری ایوارڈز شو میں بہترین اداکاری اور بہترین ڈرامہ سمیت 20 مختلف کیٹگریز میں ایوارڈز دیے جائیں گے۔

ہم نیوز کے مطابق رنگا رنگ ایوارڈز شو میں ، عائشہ عمر، عروہ حسین ، ماورا حسین ، اقرا عزیز، جاوید شیخ، احمد علی بٹ اور یاسر حسین کے گرین کارپٹ پرجلوے قابل دید ہیں توبشریٰ انصاری، صنم جنگ ، میکال ذوالفقار، مومل شیخ، سارہ خان ، نعمان اعجاز اور احسن خان سمیت دیگر شوبز ستاروں کی جھرمٹ آنکھوں کو خیرہ کررہی ہے۔

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جوش و خروش عروج پر ہے اور وہ پسندیدہ فنکاروں کو اپنے درمیان پا کر نہایت مسرور ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق معروف ہیئر اسٹائلسٹ مسرت مصباح کی ٹیم نے سپر اسٹارز کی اسٹائلنگ کی ہے۔ ایوارڈز شو میں عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ عابدہ پروین اپنے فن کا مظاہرہ بھی کریں گی۔


متعلقہ خبریں