’رویت ہلال کمیٹی صفر کے مہینے کی غلط اطلاع پر معافی مانگے‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کو صفر کے مہینے کی غلط اطلاع پر معافی مانگی چاہیے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر دوربین سے چاند دیکھنا غلط ہے تو پھر عینک سے دیکھنا بھی غلط ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک میں ایسا بے شعور طبقہ موجود ہے جس سے بات ہی نہیں کی جا سکتی تاہم باشعور طبقے کو بتانا چاہتا ہوں کہ عقل و علم سے ہی آگے بڑھ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صفر کے مہینے کیلئے تصاویر جاری کی ہیں جس سے چاند کی شہادت دیکھی جا سکتی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رویت ہلال کمیٹی میں 80،80 سال کے بابے نہیں ہونے چاہئیں۔

’روز کہتے ہیں کہ پیسے دو اور ابو لو‘

جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پی پی کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کو پلی بارگین کے بغیر رہا کردیا جائے تاہم ہم تو روز کہتے ہیں کہ پیسے دو اور ابو لو۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور آصف زرداری شطرنج کھیل رہے ہیں جبکہ فضل الرحمان ایک پیادہ ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے پاس اپنے لوگ نہیں تاہم جے یو آئی کے پاس مدارس کے لوگ موجود ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر مارچ کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ امن کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور ؛ جمعیت علمائے اسلام کا الیکشن سے تو اتنا تعلق ہی نہیں تاہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ مولانا فضل الرحمن کو فنڈ کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں