’ن لیگ نے سیاست بچانے کیلئے معیشت تباہ کردی‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ نواز نے اپنی سیاست بچانے کے لیے ملکی معیشت کو تباہ کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کے دوران روپے کی قدر گرادی گئی جس کا بہت نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ  ابتدا میں مشکل فیصلے لینا پڑے تاہم اب معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے 11 ارب ڈالر موجود ہیں جن میں سے نصف رقم ایمنسٹی او دیگر اسکیموں کے ذریعے ڈیکلیئر کی گئی ہے، باقی نصف رقم کے لئے کارروائی کررہے ہیں۔

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ صرف 28 ممالک کا ڈیٹا ملا ہے، اقامے رکھنے والوں کی تفصیلات بھی نہیں ملیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ صوبہ پنجاب میں صحت انصاف کارڈ لارہے ہیں جس کے ذریع سات لاکھ 20 ہزار روپے کا علاج کرایا جاسکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ساڑھے 5 لاکھ لوگوں کو صحت انصاف کارڈ دیا جائے گا اور اس کی تقسیم میں سیاسی مداخلت نہیں ہوگی، بلاتفریق فراہم کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے احساس پروگرام  شروع کیا گیا جس کے تحت راشن کارڈ کا بھی اجراء کیا جائے گا، اس کا بجٹ بھی اب دگنا کردیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت نے ساڑھے 10 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنے تھے جبکہ مسلم لیگ ن کے آخری دور میں ذخائر انتہائی کم رہ گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اس وقت مستحکم ہیں، پاکستانی روپیہ مستحکم ہوگیا ہے جبکہ معیشت میں استحکام آگیا ہے، اب بہتری کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ تاجر برادری کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بہترین ملاقات ہوئی، ان کو معیشت کی صورتحال سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پاکستان نے تاریخی بحران کا سامنا کیا تاہم اب استحکام کو کسی صورت بھی قربان نہیں کریں گے۔

جمعیت علمائے اسلام کے آزادی مارچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ کوئی بھی کھڑا ہونے کو تیار نہیں، مذہبی طبقہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہے، مدرسوں کے بچوں کو سیاسی ہتھکنڈوں کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے خلاف پڑوسی ملک کا بہت کردار ہے، سفارتی طور پر بھارتی عزائم دنیا کے سامنے پیش کردیئے ہیں۔

حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف بلیک لسٹ سے متعلق خطرے کی کوئی بات نہیں۔


متعلقہ خبریں