بھارتی فوج کا ایک اور طیارہ گرکر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک


حیدر آباد: بھارتی فوج کا ایک تربیتی طیارہ تیلنگانہ ریاست میں گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارے حیدرآباد کی ایوی ایشن اکیڈمی کے پائلٹس پراکاش ویشال اور امنپریت کور اڑا رہے تھے جو کہ زیرتربیت تھے۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق پرواز بھرنے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد طیارہ ریڈار سے غائب ہوگیا جس کے کچھ دیر بعد مقامی پولیس نے حادثے کے حوالے سے آگاہ کیا۔

بھارتی فضائیہ کے ترجمان کے مطابق طیارے نے صبح 10 بجے کے قریب اڑان بھری تھی تاہم وہ اڑان بھرتے ہی حادثے کا شکار ہوا اور مہاراجہ ایئربیس سے 10 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہوا۔

حادثے کے بعد بھارتی اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر لاشیں اور طیارے کا ملبہ قبضے میں لے لیا۔

خیال رہے کہ کچھ عرصے کے دوران کئی بھارتی طیارے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں۔ اگست کے آخر میں ریاست اتر پردیش میں نجی تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ بجلی کی تاروں میں پھنس گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے فوری بعد آگ نے طیارے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

یکم فروری 2019 کو بھارتی طیارہ میراج فنی خرابی کے باعث زمین بوس ہوگیا جب کے کچھ روز بعد 12 فروری کو بھارت کا مگ 27 تکنیکی خرابی سے گر کر تباہ ہوا۔ 19 فروری کو دو بے ہاک طیارے آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوئے۔

پاکستان نے سرحدی خلاف ورزی پر 27 فروری کو بھارت کے جنگی طیارے مگ 21 اور ایس کیو 30 کو مار گرایا تھا۔


متعلقہ خبریں