کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی قبول نہیں ہے، سینیٹر مشتاق احمد خان

لوئر دیر: امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد نے کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی نہ ماننے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت دیا جائے۔

نہلے پہ دہلا: عمران خان اور ٹرمپ نے ایک دوسرے کو ٹاسک سونپ دیا

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات تیمرگرہ میں جے آئی یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کو کراس کرنے اور سری نگر کی طرف مارچ  کرنے کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ حکومت بتائے کہ اس نے اقوام متحدہ میں بھارت کے خلاف قرار داد کیوں پیش نہیں کی؟

امیر جماعت اسلامی کے پی سینیٹر مشتاق احمد خان نے حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے سوالات پوچھے کہ اسلام آباد میں بھارتی سفارت خانہ ابھی تک بند کیوں نہیں کیا گیا؟ اور بھارت کے ساتھ تجارت کیونکر کی جارہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 62 دن ہوگئے ہیں جو ایک انسانی المیہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ حکومت واضح اعلان کرے کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں دیا جاسکتا تو جہاد کا اعلان کردیں گے۔

اقوام عالم کے رہنماؤں میں عمران خان سب پر بازی لے گئے

سینیٹر مشتاق احمد خان نے الزام عائد کیا کہ حکومت احتساب کو انتقام کے ٹول کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو کروڑ 20 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں جب کہ 76 لاکھ نوجوان منشیات کے عادی ہیں جو کہ حکمرانوں کی نا اہلی کا ثبوت ہیں۔

امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی موجودہ حکومت کی کرپشن کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سائیکل کے مثالیں دینے والوں نے ہیلی کاپٹر کلچر متعارف کروایا ہے۔

جے آئی یوتھ  کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ملکی معیشت اس وقت آئی سی یو میں ہے۔


متعلقہ خبریں