پی ٹی آئی میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب ہیرا ہے، مسلم لیگ ن

پی ٹی آئی میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب ہیرا ہے، مسلم لیگ ن

فوٹو: فائل


لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما سائرہ افضل تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ایک سے بڑھ کر ایک عجیب ہیرا ہے۔ موجودہ حکومت ن لیگ کی منصوبوں پر تختیاں لگا رہی ہے۔

سائرہ افضل تارڑ اور عظمیٰ بخاری نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ن لیگ کے جاری منصوبوں کا کریڈٹ خود لے رہی ہے جبکہ اپنی کوہتاہیوں کا ملبہ مسلم لیگ ن پر ڈال رہی ہے۔ حکومت کی کوہتایوں کی وجہ سے حافظ آباد میں ڈائلسز سینٹر بند کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ سارے ادارے ہیں لیکن پھر بھی ان سے حکومت نہیں چل رہی۔ موجودہ حکومت کو سب کچھ بنا کر دیا گیا تھا لیکن یہ پھر بھی نہیں چلا سکے۔ یہ کوئی ایک چیز بتا دیں جو انہوں نے شروع کی ہو۔ ملک کی ابتر صورتحال موجودہ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے ہے۔

لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن آزادی مارچ پر لائحہ عمل طے کر رہے ہیں پھر باقی جماعتوں سے بھی بات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ مریم نواز کے ٹفن سے موبائل نہیں نکلا، شیخ رشید کو شرم سے ڈوب مرنا چاہئے، وہ دوسروں کی بیٹیوں پر انگلی اٹھاتے ہیں ان کی اپنی بیٹیاں جو نہیں ہیں۔

سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ مریم نواز کو جیل میں سی کلاس دی گئی ہے۔ بیرک میں مچھر اور کھٹمل ہیں لیکن وہ ڈٹی ہوئی ہیں کیونکہ وہ نواز شریف کی بیٹی ہیں اور ان کے حوصلے توڑے نہیں جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم اُمہ کے ڈرائیور بننے والے کا کسی نے ساتھ نہیں دیا۔ عمران خان کو اقوام متحدہ میں تقریر کے بجائے قرار داد لانی چاہیے تھی۔ تقریر کے بعد کس بات کا جشن منایا گیا انہیں کشمیر کی عورتوں کی چیخیں سنائی نہیں دے رہیں۔

یہ بھی پڑھیں حکومت نے ہر طبقے کی زندگی اجیرن کر دی، قمر زمان کائرہ

مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ وزرا جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں کیونکہ انہیں سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ کیا کرنا ہے۔ حکومت غریب کو ہی ختم کرنا چاہتی ہے۔


متعلقہ خبریں