وزیراعظم چین کے دورے پر روانہ ہو گئے

وزیراعظم عمران خان کا بین الاقوامی فورم سے خطاب

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان چین کے تین روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ روانہ ہو گئے جہاں وہ چینی قیادت سے علاقائی اور دو طرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم دورے میں چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم زراعت، صنعت اور سماجی واقتصادی شعبوں میں تعاون سمیت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لائحہ عمل کے تحت منصوبوں کو توسیع دینے سے متعلق امورپربھی بات چیت کرینگے۔

وزیراعظم بیجنگ میں چین پاکستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان معاشی اور تجارتی وفودکے تبادلوں کومزیدفروغ دیناہے۔

اس کے علاوہ چینی تاجروں اورمختلف کمپنیوں کے سربراہوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ فریقین چین پاکستان آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر فوری عملدرآمد پر تبادلہ خیال کریں گے جس پر دونوں تذویراتی شراکت داروں نے دستخط کئے تھے جس کامقصد دوطرفہ کاروبار اور تجارت کومزید فروغ دینا ہے۔ وہ چاول، گندم، مکئی، سویابین، چینی اورتمباکوجیسی تمام پاکستانی زرعی مصنوعات کے کوٹے کے خاتمے پر غور کریں گے۔

وزیراعظم کے ہمراہ تین وفاقی وزرا اور ایک مشیر ہوں گے، جن میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیرمنصوبہ بندی خسروبختیار اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ شامل ہیں۔

وزیر ریلوے شیخ رشید نےچین روانگی سے قبل اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ کے پہاڑ سے بھی بلند ہے۔

انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران معیشت ، اقتصادیات، مسئلہ کشمیر اور پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ایم ایل ون اور ایم ایل ٹو کی بھی بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان کا ایک سال میں چین کا یہ تیسرا دورہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں