وزیر اعظم نے ’احساس سیلانی لنگر‘ اسکیم کا افتتاح کر دیا



اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں ’احساس سیلانی لنگر‘ اسکیم کا افتتاح کر دیا ہے۔

اس ضمن میں منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ جب آپ اللہ کا کام کرتے ہیں تو وہ آپ کے دل میں سکون پیدا کر دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ انسانیت کی خدمت کرتے ہیں وہ اللہ کے راستے پر ہوتے ہیں، آج تک کسی حکومت نے غریب عوام پر اتنا پیسہ نہیں لگایا جتنا ہم نے لگایا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مشکل دور ہے تاہم میری کوشش ہے کہ اس میں کوئی غریب بھوکا نہ سو سکے۔

عمران خان نے کہا کہ مدینہ کی ریاست نبی کریم ﷺ کی سنت تھی جس پر ہمیں عمل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسی ریاست بنانی ہے جو فلاحی ہو، ہم اس کے لئے کوشش کر رہے ہیں اور اس میں کامیابی اللہ دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ نظام میں امیر امیر ہوتا جا رہا ہے جبکہ غریب غریب ترین ہوتا جا رہا ہے، اس سے معاشرے میں سے برکت اٹھ جاتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ احساس پروگرام کے تحت ملک کے نچلے طبقے کو اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں میں صبر نہیں ہے پوچھتے ہیں کہ کدھر ہے نیا پاکستان، اتنی جلدی تبدیلی نہیں آتی وقت لگتا ہے مدینہ کی ریاست بننے میں بھی وقت لگے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ملک کے حالات نہیں بدلتے اس پروگرام کو جاری رکھیں گے۔انہوں نے بتایا کہ احساس پروگرام کے تحت پہلے فیز میں 112 لنگر خانے شروع کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اس پروگرام کے تحت نادار اور ضرورتمند افراد کو حکومت کی جانب سے مفت کھانے کی سہولت مہیا کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ’لنگر سکیم  ‘ حکومت کی جانب سے جاری کردہ سماجی و فلاحی بہبود کے جامع پروگرام “احساس” کا اہم جزو ہے۔

اسلام آباد سے شروع کی جانے والی اس اسکیم کو ملک بھر میں پھیلایا جائے گا۔

یاد رہے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و غربت مٹاؤ مہم ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے گزشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا تھا  کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے شروع کیے گئے ’’احساس پروگرام ‘‘ کے تحت 4 سال میں ایک لاکھ اکسٹھ ہزار افراد کی مدد کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تین حصے ہیں ۔ اس پروگرام کے تحت بلا سود قرضوں کی فراہمی ، ہنر کی تعلیم اور چھوٹے اثاثوں کی منتقلی ہوگی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ ہرسال اسی ہزار افراد کو بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔4سال میں ایک لاکھ اکسٹھ ہزار افراد اس پروگرام سے استفادہ حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں 22غیر سرکاری تنظیمیں (این جی اوز) بھی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرینگی۔احساس پروگرام کے تحت ہرماہ نیا پروگرام لائیں گے ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ چھوٹے قرضوں سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد ملے گی۔ تین ارب روپے سے زائد مالیت کے بلاسود قرضے دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پروگرام کی کامیابی کا انحصار اسکی شفافیت پر ہوتا ہے ،اسکالر شپ اور فوڈ اسٹیمپ اسکیم بھی لائیں گے ۔ اس حوالے سے مرغیوں  اور انڈوں کا پروگرام بہت اہم ہے ۔ مرغ بانی پروگرام دیہات والوں کے لیے زیادہ اہمیت رکھتا ہے ۔

 

 


متعلقہ خبریں