قاسم سوری بطور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بحال


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قاسم سوری کو بطور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی بحال کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق عدالت عظمیٰ نے قاسم سوری کی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔

جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ جب تک کیس کی سماعت ہو رہی تب تک حکم امتناع نافذ رہے گا۔

سماعت کے دوران قاسم سوری کے وکیل نعیم بخاری کا کہنا تھا کہ میرا موکل پانچ ہزار سے زائد ووٹوں کے فرق سے جیتا، ان کے 25973 ووٹ جبکہ رنر اپ نے 20089 ووٹ لیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا نے غیر معیاری سیاہی پر 52 ہزار ووٹ مسترد کردیے، اس کا ذمہ دار میرا موکل کیسے ہوسکتا ہے؟

جسٹس اعجاز الااحسن نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل میں ایک الزام دھاندلی کا بھی تھا جس کی گواہی 19 افراد نے عدالت میں دی۔

بعدازاں کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے- 265 کوئٹہ ٹو سے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی کامیابی کو کالعدم قرار دے کر بلوچستان کے الیکشن ٹریبونل نے  دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دے دیا تھا۔

انہوں نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا تھا۔ان کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل نعیم بخاری ایڈوکیٹ نے دائر کی تھی۔


متعلقہ خبریں