مودی سن لو! صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے، شاہ محمود قریشی

مودی سن لو! صبر کا پیمانہ لبریز ہونے والا ہے، شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی سن لو! صبر کا پیمانہ اب لبریز ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج 62 دن ہوگئے ہیں کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں دن رات کا کرفیو نافذ ہے لیکن عالمی ذرائع ابلاغ سے جھوٹ بولنے کے لیے بسوں کو رواں دواں دکھایا جاتا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں2700 اجتماعی قبریں دریافت

ہم نیوز کے مطابق ملتان میں حضرت بہاالدین ذکریا ملتانی ؒ کے 780 ویں سالانہ عرس کے موقع پر منعقدہ اجتاع سے خطاب کرتے ہوئے درگاہ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا کو دھوکہ دے رہا ہے کہ کشمیر میں سب ٹھیک ہے لیکن پاکستانی قوم بھارتی دھوکے کو بے نقاب کرے گی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ آج عرس میں تمام صوبوں کے افراد موجود ہیں تو میں یہاں ایک قرار داد پیش کرنا چاہتا ہوں جسے ان 180 ملین مسلمانوں کی بھی تائید حاصل ہے جو بھارت میں مقیم مسلمان ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی پیش کردہ قرارداد کو امت مسلمہ کے ایک ایک فرد کی حمایت و تائید حاصل ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے پیش کردہ قرار داد میں مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر مقبوضہ وادی کشمیر میں نافذ کرفیو کا خاتمہ کرے، پیلٹ گنز کے استعمال کو ممنوع قرار دے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ ترک کرے، ذرائع ابلاغ کی سلب کردہ آزادی کو بحال کرے اور مقبوضہ وادی چنار کے مساجد پرلگائے جانے والے تالے کھولے جائیں۔ شرکا نے پیش کردہ قرار داد کی تائید کی۔

بھارت فوری طور پر بے گناہ کشمیریوں کو رہا کرے، امریکی کانگریس

امریکی سینیٹرز کے دورہ ملتان اورآزاد کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ چار امریکی سینیٹرز آئے تھے جن میں سے ایک وہ سینیٹر بھی تھے جنہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط لکھا ہے کہ مقبوضہ وادی کشمیر سے کرفیو ہٹوا یا جائے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے انتہائی جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ مقبوضہ ہمالیائی وادی کے مظلوم لوگوں پر بھارت بھیانک مظالم ڈھا رہا ہے اور انسانی حقوق کی بدترین پامالی کر رہا ہے تو سوال یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پوری دنیا کب جاگے گی؟

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیرخارجہ نے بتایا کہ طورخم بارڈر کو ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں