تحریک انصاف کا خواجہ آصف کے خلاف نیب کو خط ارسال


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ کے خلاف نیب کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔ خط میں منی لانڈرنگ کیس شروع نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

چیئرمین قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے خط لکھا گیا ہے۔ جس میں خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ کیس سے متعلق 13 نُکات درج ہیں۔

ترجمان تحریک انصاف کے مطابق خواجہ آصف کے ابوظہبی میں اکاونٹس کی تفصیلات بھی نیب کو بھجوائی گئی۔ نیب کو خواجہ آصف کے زیر استعمال بینکوں کے نام اور اکاؤنٹس نمبرز کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ہے۔

خط میں الزام لگایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خوآجہ آصف منی لانڈرنگ اور مالی جرائم میں ملوث ہیں۔ ثبوت اور شواہد کی موجودگی میں بھی نیب کی خاموشی سمجھ سے بالاتر ہے۔

خط میں نیب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بلا تاخیر اور بلا امتیاز خواجہ آصف کے خلاف کارروائی کا اغاز کیا جائے۔

خط میں خواجہ آصف کی اہلیہ کے اکاؤنٹس کی تفصیلات بھی حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نیب کارروائی کا آغاز کرے مزید ثبوت فراہم کریں گے۔

خط میں وزیر خارجہ کے غیر ملکی کاروبار اور ریسٹورنٹس کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ خط میں خواجہ آصف کے غیر ملکی اکاونٹس میں کروڑوں روپے منتقلی کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

خط کے مطابق خواجہ آصف نے منی لانڈرنگ کے لئے اہلیہ کے غیر ملکی اکاؤنٹس بھی استعمال کئے ہیں۔ اکاونٹس میں مشکوک اور بے نامی ٹرانزیکشنز بھی کی گئی ہیں۔

تحریک انصاف نے خواجہ آصف کے غیر ملکی ہوٹلزاور مشکوک بینک اکاوٴنٹس کا ریکارڈ بھی نیب کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کروڑوں روپے کی بے نام منتقلی کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کے گوشواروں میں نہیں ہے۔

خط میں خواجہ آصف کی جانب سے غیر ملکی کمپنی میں ملازمت اور اقامہ تسلیم کرنے کا ذکر بھی ہے۔


متعلقہ خبریں