پاکستان ایف اے ٹی ایف کو مطمئن کرنے میں کامیاب رہا، شاہ محمود قریشی


ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کو مطمئن کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر چین جا رہے ہیں جہاں وہ چین کے صدر اور وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔ آرمی چیف بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کی خواہش ہے کہ مختلف امور پر ایک پیج پر ہوں جبکہ پاکستان کی چین کے ساتھ مختلف معاملات پر مشاورت جاری رہتی ہے۔ چین اور پاکستان سی پیک منصوبے سے متعلق پیشرفت پر مطمئن ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف سے متعلق بنکاک میں اپنا نقطہ نظر پیش کیا اور ایشیا پیسفک گروپ کو اقدامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کو مطمئن کرنے میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے۔ بھارت پاکستان کو بلیک لسٹ کرانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کا فوکس مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ہے اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ہند نے 5 اگست کے مودی کے فیصلے کی حمایت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاوَن ہے اور حالات انتہائی خراب ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے ہیں اور وہ کشمیر کی صورتحال سے مکمل واقف ہیں ان کے احتجاج کا وقت اور تاریخ غلط ہے۔

یہ بھی پڑھیں اے ڈی بی نے پاکستان کیلئے 20 کروڑ ڈالر کی اضافی فنڈنگ کی منظوری دیدی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر انسانی حقوق کی تنظیمیں تنقید کر رہی ہیں۔ ہاؤس آف کامن، یورپی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر بحث ہو رہی ہے اور آج بھارت میں بھی کشمیر کی حمایت پر آوازیں اٹھ رہی ہیں۔


متعلقہ خبریں