شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب ریفرنس تیار

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب نے ریفرنس تیار کر لیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے شاہد خاقان عباسی کے خلاف ایل این جی کیس میں ریفرنس تیار کیا ہے جبکہ وعدہ معاف گواہ سابق سیکرٹری عابد سعید اور مبین صولت نیب دفتر میں پیش ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم نے عابد سعید اور مبین صولت کا حتمی بیان قلمبند کر لیا اور دونوں افراد نے تمام شواہد نیب کے حوالے کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے شاہد خاقان عباسی کے علاوہ مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کے خلاف بھی ریفرنس تیار کر لیا ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ آئندہ ہفتے ایل این جی ریفرنس کا جائزہ لے گا۔

اس سے قبل سابق وزیراعظم نے اپنے تحریری بیان میں کہا تھا کہ نیب کے لیے ثبوت کا حصول ثانوی حیثیت رکھتا ہے، اصل مقصد تضحیک اور ہراساں کرنا ہے،نیب نے ٹیکس ادائیگیوں کو نظر انداز کر کے ٹیکس سے متعلق کوئی سوال نہیں پوچھا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب نے حکومتی افسران کو گرفتاری کی دھمکیاں دے کر میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا، مفتاح اسماعیل اور شیخ عمران الحق کی گرفتاری بھی وعدہ معاف گواہ نہ بننے کے باعث ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں شاہد خاقان عباسی نے اپنے تحریری بیان میں عدالت کو کیا بتایا؟

کچھ روز قبل سابق وزیر اعظم نے حکومت کے ساتھ ڈیل کی خبروں کی بھی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہو رہی اور نہ ہی میں نے کوئی خط لکھا ہے۔ ہمیں ڈیل کی ضرورت نہیں۔


متعلقہ خبریں