960ارب روپے اب تک ٹیکس وصولیوں کی مد میں جمع کر چکے ہیں، چیرمین ایف بی آر 


اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر) شبر زیدی نے کہاہے کہ ٹیکس نظام میں اصلاحات نتیجہ خیز ثابت ہو رہی ہیں،ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے اپنے ہدف کا نوے فیصد حاصل کر چکا ہے۔ 960ارب روپے اب تک ٹیکس وصولیوں کی مد میں جمع کر چکے ہیں۔ 

ایف بی آر کے چیئرمین نے یہ بات آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر زاہد حسین کاظمی سے ملاقات میں کی ہے ۔

زاہد حسین کاظمی نے چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات شبر حسین زیدی کے دفتر میں کی ۔

ملاقات میں ٹیکس نظام کی تجدید اور فعالیت مؤثربنانے کے حوالے سے اصلاحات پر تفصیلی تبادلہ خیال  کیا گیا۔

ٹکیس کا دائرہ کار بڑھانے اور وصولیوں میں اضافے کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بھی مفصل بات چیت  ہوئی ۔

اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے دعوی کیا کہ  ایف بی آر ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے اپنے ہدف کا نوے فیصد حاصل کر چکا ہے ، 960ارب روپے اب تک ٹیکس وصولیوں کی مد میں جمع کر چکے ہیں۔ متعارف کردہ اصلاحات کے نتیجے میں ڈومیسٹک ٹیکس کولیکیشن میں پچس فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

پی ٹی آئی کے نائب صدر نے کہا کہ ایف بی آر کا شمار ریاست کے کلیدی اداروں میں ہوتا ہے،ٹیکسوں کا منصفانہ اور متحرک نظام ملکی ترقی میں اور معیشت کی نمو میں مرکزی حیثیت کا حامل ہے۔

سید زاہد حسین کاظمی نے کہا کہ  پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے ٹیکس چوری کی بجائے ٹیکسوں کی رضاکارانہ ادائیگی کا کلچر فروغ دینا ہوگا،ٹیکسوں کی نظام کی اصلاح کا پہلا قدم لین دین کو معقول دستاویزی نظام سے جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقاعدہ دستاویزی نظام اپنائے بغیر کرپشن، ٹیکس چوری اور وسائل کے ضیاع کے آگے بند باندھنا ناممکن ہے، دنیا بھر کی منظم معیشتیں غیر رسمی اور غیرمنظم انداز میں کاروبار کی اجازت نہیں دیتیں۔

یہ بھی پڑھیے: اسلام آباد میں شہریوں سے 300 فیصد پراپرٹی ٹیکس وصول کرنے سے روک دیا گیا

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت ٹیکس کے نظام کی اصلاح پر خصوصی محنت کررہی ہے، ایک مخصوص طبقہ خالصتاً نجی مفادات کے پیش نظر اصلاحات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

زاہد حسین کاظمی  ن کہا کہ ٹیکس نظام کی اصلاح کے حوالے سے دباؤ قبول کریں گے نہ ہی کسی کو روایتی سیاست چمکانے کی اجازت دیں گے،قوم ٹیکس نظام کی اصلاح اور معیشت کی بحالی کے حوالے سے وزیراعظم کے ویژن اور کاوشوں کیساتھ کھڑی ہے۔


متعلقہ خبریں