آرمی چیف سے امریکی سینیٹرز کی ملاقات

فوٹو: فائل


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان کے دورے پر آئے امریکی سینیٹرز نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سربراہ پاک فوج کی امریکی سینیٹرز سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر اور افغان امن عمل پر بات چیت ہوئی جبکہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی مجموعی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے امریکہ کی مسئلہ کشمیر کے حل اور افغانستان سے متعلق پاکستانی اقدامات کی حمایت کی تعریف کی۔

اس سے قبل امریکی سینیٹرز میگی حسن اور کرس وین نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی اور اس موقع پر معاون خصوصی ذلفی بخاری اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے امریکی سینیٹرز کو مقبوضہ کشمیر کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی اقدامات خطے کی سیکیورٹی کے لیے خطرات بڑھا رہے ہیں۔ امریکہ سمیت عالمی طاقتوں کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے حق کے لیے آواز اٹھانی چاہیئے تھی اور عالمی برادری کو بھارتی اقدامات سے خطے کو لاحق خطرات کا ادراک ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیئے وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات پر فوری ردعمل دے۔


متعلقہ خبریں