آزادی مارچ: ’فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آرہے‘


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو اسلام آباد میں آزادی مارچ کے لیے نہیں آنا چاہیے اور میں سمجھتا ہوں کہ وہ 27 اکتوبر کو نہیں آرہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان کے دھرنے کا وقت صحیح نہیں ہے، اسلام آباد آنے والے لوگ ملک کے خلاف آئیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دھرنے کا دفاع کرتے ہوئے اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس وقت دھرنا دیا تھا وہ اور وقت تھا۔

انہوں نے کہا کہ تین بار مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف کو وزیر اعظم بنا کر عوام کو کیا ملا؟ ان کو جائیدادیں بنانے کے لیے وزیر اعظم نہیں بنایا گیا تھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ مدارس میں اصلاحات کے لیے دنیاوی کتابیں بھی پڑھانے کا کہا ہے تاہم ان کی منسوخی کی اطلاعات غلط ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مدارس میں پڑھائے جانے والا نصاب تبدیل نہیں کیا تاہم جدید تعلیم کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ہر منگل کو ہوتا ہے جس میں وزیراعظم عمران خان پوچھتے ہیں کہ آپ نے مخلوق خدا کے لیے کیا کیا؟


متعلقہ خبریں