خیبر پختونخوا حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو نوکری کی پیشکش کردی


پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا (کے پی) نے جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان کو نوکری دینے کی پیشکش کردی ہے۔ یہ پیشکش وزیراعلیٰ کے پی محمود خان نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔

ہم نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وزیراعلیٰ نے امیر جے یو آئی (ف) کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ لانگ مارچ اسلام آباد کے لیے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ بیروزگار ہیں تو آپ کو نوکری کے پی حکومت دے دے گی۔

’ قریبی ساتھی عمران خان کی جگہ وزیراعظم بننے کے لیے سرگرم‘

محمود خان نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم پانچ حلقے کھلوانے کے لیے دھرنے پر گئے تھے اور لاک ڈاؤن پانامہ کے لیے کیا تھا لیکن آپ اسلام آباد کے لیے کررہے ہیں۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ مولانا صاحب! پتہ نہیں کون سے اسلام کی بات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کی بات تو اقوام متحدہ میں وزیراعظم عمران خان نے کلمہ پڑھ کرکردی ہے۔

ہڑتالی ڈاکٹروں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ خود کو مسیحا کہتے ہیں تو عوام کی خدمت کریں اور واپس آکر اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کمزور نہیں ہے لیکن آکر مذاکرات کریں۔

آزادی مارچ: ’فضل الرحمان اسلام آباد نہیں آرہے‘

وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ ہم ڈاکٹروں کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں مگر ناجائز مطالبات تسلیم نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے متعارف کرائی جانے والی اصلاحات کو عوامی مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئی اصلاحات کے بعد بھی ڈاکٹروں کی ملازمتیں محفوظ رہیں گی۔

جمعیت العلمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے 27 اکتوبر کو آزادی مارچ کرنے کا اعلان کررکھا ہے جس کے لیے وہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔

 


متعلقہ خبریں