عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں، فردوس عاشق اعوان


لاہور: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا،عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار آج لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں کیا ہے ۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ اوروزیراعظم کی معاون خصوصی کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کے ساتھ ساتھ مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا ۔

اس موقع پر سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ کشمیر کا سفیر بن کر موثر انداز میں لڑا ہے۔مودی سرکارنے مقبوضہ کشمیر میں ا نسانی حقوق کی پامالی کی تمام حدیں عبورکرلی ہیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ عالمی برادری کو ظالم کا ہاتھ روکنے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔دنیا کوکشمیر کو زمین کا خطہ نہیں بلکہ انسانی مسئلہ سمجھ کر اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا بلاامتیاز احتساب پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔قومی وسائل کے غلط استعمال کی سابقہ روایت کو ختم کردیا ہے۔عوام کا پیسہ عوام کی امانت ہے اوراب عوام پر ہی صرف ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے سفر کو جاری رکھیں گے۔عوام کے معیار زندگی میں بہتری لانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں۔تبدیلی کا آغاز ہوچکا،ہرشعبہ ہائے زندگی میں بہتری لائیں گے۔احساس کا جذبہ عام کرنا چاہتے ہیں۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو ریلیف کے راستے میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے موثر قانون سازی پنجاب حکومت کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں اصلاحات سے نادار طبقے کو سماجی تحفظ حاصل ہوگا۔میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرۂ امتیازہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا بیانیہ پٹ چکا،عوام کو پٹے ہوئے مہروں سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے سیالکوٹ میں تعلیم،صحت اوردیگر جاری ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔


متعلقہ خبریں