سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کر رہے ہیں، شاہ محمود قریشی


بیجنگ: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو پرکشش مواقع فراہم کر رہے ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چین کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چین میں وزیر اعظم عمران خان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم کا 13 ماہ میں یہ چین کا تیسرا دورہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ معاشی اور علاقائی صورتحال پر بات چیت ہوئی ہے اور ہم چاہتے ہیں چین کے زیادہ سے زیادہ لوگ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ چین اور پاکستان کے درمیان اعتماد کا مضبوط رشتہ قائم ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان اور چین سمیت پورا خطہ مستفید ہو گا اور اس سے افغانستان کو بھی فائدہ ہو گا۔ ہم چین کے ساتھ معاشی تعلقات میں وسعت چاہتے ہیں۔ دونوں ملک اہم علاقائی اور عالمی امور پر ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر: چین کی عسکری قیادت نے پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کردی

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان چین کے تین روزہ دورے پر ہیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ جو چین کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

آرمی چیف سے ملاقات میں چین کی عسکری قیادت نے مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی حمایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں