سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

سی پیک منصوبوں کی بروقت تکیمل اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

بیجنگ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی چینی ہم منصب سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دی گیا جس کے مطابق بیجنگ میں گریٹ ہال آف پیپل آمد پر وزیر اعظم کو گارڈ آف آنر دیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کو 19 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔

دونوں وزرائے اعظم نے باہم اقتصادی شراکت داری کی مضبوطی پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں ممالک کے وفود کی ملاقات کے بعد عشایئے کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مذاکرات میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔

پاکستان اور چین کے درمیان سماجی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے مختلف معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے، وزیر اعظم عمران خان اور چینی ہم منصب بھی معاہدوں پر دستخط کے موقع پر موجود تھے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سی پیک منصوبوں کی بروقت تکیمل حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان اور علاقائی ترقیاتی کے لیے سی پیک منصوبوں کا اہم کردار ہے۔

وزیر اعظم نے چینی صنعت کو پاکستان میں منتقل کرنے کے لیے مراعات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ بیرونی صنعتوں کی پاکستان منتقلی سے حاصل ہونے والے ٹیکس سے ملکی معیشت میں بہتری آئے گی۔

اعلامیہ کے مطابق چینی وزیر اعظم نے گوادر میں سی پیک منصوبوں کے لیے فاسٹ ٹریک اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے قومی مفاد کے ایشوز کی حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

چینی وزیر اعظم نے کہا کہ سی پیک دوسرے فیز کے منصوبوں سے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر اعظم کی چینی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ سیکٹر کے نمائندگان سے بھی ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جس کے مطابق وزیراعظم کی چینی سرمایہ کاروں اور کارپوریٹ سیکٹر سے وسیع البنیاد بات چیت ہوئی۔

وزیر اعظم عمران خان نے چین کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں، تیل، گیس، کان کنی، ٹیکسٹائل اور توانائی کے شعبوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے سربراہان وزیراعظم سے ملے۔ وزیر اعظم سے ملاقات کرنے والوں نے پاکستان میں جاری اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

اعلامیہ کے مطابق چینی کمپنی کے سربراہوں نے نئے منصوبے شروع کرنے کی تجاویز سے بھی وزیراعظم پاکستان کو آگاہ کیا جو تیل، گیس، توانائی، تعمیرات، ٹائروں کی تیاری اور قیمتی دھاتوں سے متعلق ہیں۔ چینی کمپنیوں نے ٹیکسٹائل و انڈسٹریل پارک اور ماحول دوست توانائی کے منصوبوں سے بھی عمران خان کو آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں