پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی حمایت جاری رکھیں گے، چینی صدر

 پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کیلئےحمایت جاری رکھیں گے، چینی صدر

فائل فوٹو


بیجنگ/اسلام آباد: چین کے صدر ژی جنگ پنگ اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کیلئے غیر متزلزل حمایت جاری رکھی جائے گی۔

دورہ چین کے دوسرے روز وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر سے ملاقات کی ہے جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی، شیخ رشید، خسروبختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داود اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ بھی موجود تھے۔

ملاقات کے اعلامیے کے مطابق چین نے  دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں، اقتصادی وسماجی ترقی اورسی پیک منصوبوں پر کام کی تیز رفتار کو سراہا۔

یہ بھی پڑھیں: سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم

صدر ژی جنگ پنگ نے اعادہ کیا کہا کہ پاکستان کی ادارہ جاتی اور اقتصادی اصلاحات کے تعاون سے سی پیک قومی اور علاقائی اقتصادی ترقی میں اضافہ کرے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات میں کہا’پاکسان اور چین آئرن برادر اور گہرے شراکت دار ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے عالمی سطح پر اہم معاملات پر پاکستان کے موقف کی بھرپورحمایت کی اورمعیشت کی بہتری کےلیے اہم کردار ادا کررہا ہے، پاکستان بھی چینی مفادات پراس کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔

عمران خان نے کہا کہ چین پاکستان کے قومی ترقیاتی اہداف کے حصول میں بھی بھرپور مدد کررہا ہے اور سی پیک منصوبوں کی تیزی سے تکمیل ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کی تکمیل سے پاکستان میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی آئے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی ابترصورتحال پر بھی چینی صدر کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ لاکھوں کشمیری 2 ماہ سے گھروں میں بند ہیں، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جارہی ہے۔

وزیراعظم پاکستان ان دنوں دو روزہ دورے پر چین میں ہیں جہاں کاروباری شخصیات سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں نے افغان امن عمل کی حمایت ، مختلف فورمز پردوطرفہ تعاون اور اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان خطے میں معاشی ترقی کےلیے ضروری ہے۔

 


متعلقہ خبریں