چین میں رشتے طے کرنے کی منفرد رسم، تصاویر کی زبانی

چین میں رشتے جوڑنے کا منفرد انداز

جس طرح ہر علاقے کی اپنی روایات و رسومات ہوتی ہیں اسی طرح چین میں شنگھائی اور بیجنگ میں ایک منفرد رسم پیپلزپارک میں نظر آتی ہے جہاں والدین اپنے بچوں کے رشتے طے کرتے ہیں۔

خوبصورت درختوں پودوں اور پھولوں سے مزین پیپلزپارک میں یہ خوبصورت رسم دل کو چھو لیتی ہے۔ والدین فٹ پاتھ پر ایک دوسرے کے سامنے چھتری رکھ کر بیٹھ جاتےہیں اور اپنی اولاد کو شادی کے خوبصورت بندھن میں باندھنے کی رسم شروع ہو جاتی ہے۔

یہ روایت گزشتہ دس سال سے بیجنگ اور شنگھائی میں چلی آ رہی ہے، چینی باشندے لیو نے بتایا کہ یہ نئے رشتے صرف مڈل کلاس کے افراد کے درمیان طے پاتے ہیں۔

رشتے طے کرنے کی اس رسم کے دوران والدین اپنے بیٹے یا بیٹی کی مکمل تفصیل ایک کاغذ پر لکھ کر چھتری کے اوپر لگا دیتے ہیں، اس میں لڑکے یا لڑکی کا نام ، عمر، قد، وزن، دلچسپیاں،  روزگار اور تنخواہ کے بارے میں معلومات ہوتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی لکھا ہوتا ہے کہ شادی کے خواہشمند مقامی ہیں یا دوسرے ملک سے تعلق رکھتے ہیں۔

چھتری پر لگے کاغذ پر گھر کی تفصیل بھی تحریر ہوتی ہے کہ مکان اپنا ہے یا کرایے کا ہے، ماں باپ مختلف چھتریوں پر یہ تفصیل پڑھتے ہیں اور جو رشتہ انہیں مناسب نظر آتا ہے اس کے والدین سے بات چیت شروع کر دیتے ہیں۔

ہفتہ اور اتوار کے دن  رشتوں کا یہ بازار پورے جوبن پر ہوتا ہے، اسقدر مصروف زندگی میں دوستانہ ماحول میں رشتے طے کرنے کی یہ روایت بہت خوبصورت ہے۔


متعلقہ خبریں