رزاق داؤد کو اپنے الفاظ واپس لینے چاہئیں، عقیل کریم ڈھیڈی


اسلام آباد: معروف تاجر عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا ہے کہ اگر مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے کچھ ایسا کہا ہے جس سے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا وقار مجروح ہوا ہے تو انہیں اپنے الفاظ واپس لینے چاہئیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ کے میزبان عادل شاہزیب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے دو وفود کی آرمی چیف سے ہونے والی ملاقات کے بعد تاجروں کی جانب سے مشیر تجارت کے استعفیٰ کے مطالبے کی وجہ یہی الفاظ ہیں۔

عقیل کریم ڈھیڈی کے مطابق عبدالرزاق داؤد سے یہ الفاظ منسوب کیے گئے ہیں کہ میں ایف پی سی سی آئی کو نہیں بلکہ پاکستان بزنس کونسل کو مانتا ہوں اور جب صدر ایف پی سی سی آئی تک یہ بات پہنچی تو انہوں نے اس پر برہمی کا اظہار کیا، دیگر تاجران کو بھی یہ الفاظ ناگوار گزرے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عبدالرزاق داؤد بہت قابل احترام ہیں، انہوں نے بہت خدمات انجام دی ہیں مگر ایف پی سی سی آئی کا احترام انہیں بھی کرنا چاہیے، یہ پورے پاکستان سے منتخب کردہ لوگ ہیں، پورے پاکستان کو ان کا احترام کرنا چاہیے۔

میزبان عادل شاہ زیب کے اس سوال پر کہ دگرگوں معاشی حالات میں کیا پاکستان ان اختلافات کا متحمل ہو سکتا ہے، عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا تھا کہ  اس وقت پاکستانی معیشت کی بہتری کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے لہٰذا اگر مشیر تجارت نے ناگوار الفاظ ادا کیے ہیں تو میری ان سے درخواست ہے کہ وہ اپنے کلمات واپس لیں تاکہ مل جل کر ملکی ترقی کے لیے کام کیا جا سکے۔

ان سے پوچھا گیا کہ تاجران میں یہ تاثر پایا جا رہا ہے کہ مشیر تجارت غیر منتخب شدہ بزنس کونسل کی ترویج کرتے ہیں جس کی فیس ہی 75 لاکھ ہے اور یہ کہ وہ کاروبار دوست نہیں ہیں تو عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ بزنس کونسل کا احترام کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں، وہاں بھی پورے پاکستان کے صنعتکار ہیں اور قابل احترام لوگ ہیں لیکن ان دونوں کا موازنہ مناسب نہیں ہے۔

عقیل کریم ڈھیڈی نے کہا کہ عبدالرزاق داؤد ان سے آئیڈیاز لینا چاہتے ہیں تو اس میں کوئی ہرج نہیں ہے۔


متعلقہ خبریں