’آزادی مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا‘


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان گھر سے نہ نکلیں کیوں کہ ان کے آزادی مارچ کو کوئی نہیں روک سکتا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آزادی مارچ میں شامل ہونے والے افراد کے لیے ان کی پارٹی نے عمر کی حد کا تعین کر لیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر افراد دھرنے میں شامل نہیں ہوں گے، اس کے علاوہ ہر قسم کے لوگ شامل ہوسکتے ہیں۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے میں لوگوں نے دیکھا کہ کیا ہوتا تھا، شیر خوار اور پانچ سال سے کم عمر بچے بھی اس میں موجود تھے۔

انہوں نے سوال کیا کہ ڈی چوک میں دو روز قبل وفاق المدارس نے کشمیر ریلی نکالی، دفعہ 144 کیا صرف ہمارے لئے ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے، اس حوالے سے ہم نے متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔

مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عمران خان نے سول نافرمانی کا اعلان کیا پھر بھی گرفتار نہیں ہوئے تاہم ہمارا آزادی مارچ پر امن ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قافلے پورے پاکستان سے آرہے ہیں اور اگر انہیں روکا گیا تو وہیں دھرنا دیا جائے گا اور پورا ملک جام ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور ریاستی اداروں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہمارا دھرنا پرامن ہے، کوئی بھی دکان بند نہیں ہوگی اور ہماری طرف سے کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔


متعلقہ خبریں