ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

فائل فوٹو


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ پشاور، مردان، نوشہرہ اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.2 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی زمین گہرائی 180 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ آزاد کشمیر اور پنجاب کے متعدد علاقوں میں زلزلے سے درجنوں افراد جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر5.8 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔

زلزلہ پیما مرکز نے مزید بتایا کہ زلزلے کا مرکز جہلم سے پانچ کلومیٹر شمال میں تھا۔

زلزلے کی صورت میں خود کو کیسے بچائیں؟

شدید زلزلے کی صورت میں کمرے سے باہر بھاگنے کی کوشش کرنا خطرناک ہے کیوں کہ اس سے گرنے اور چوٹ لگنے کا اندیشہ رہتا ہے۔

ایسی صورت میں دروازے کے نیچے، کھڑکی کے قریب اور سیڑھیوں پر یا ان کے نیچے کھڑا ہونا بھی خطرناک ہے۔

زلزلہ آنے کی صورت میں فوری طور پر زمین پر بیٹھ جائیں، اگر قریب ہی کوئی مضبوط میز، بیڈ یا ایسا فرنیچر ہے جس کے نیچے چھپا جا سکے تو رینگ کر اس کے نیچے ہو جائیں۔

دوسری صورت میں کسی کونے میں بیٹھ کر سر اور گردن کو ہاتھوں سے چھپا لیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ افراد زلزلے کے دوران گرنے یا دیواروں پر لگی بھاری اشیا گرنے سے زخمی ہوتے ہیں۔

اگر زلزلے کے دوران عمارت سے باہر ہیں تو عمارت سے دور کسی کھلے مقام پر پہنچ جائیں۔

ڈرائیونگ کی صورت میں گاڑی ایک طرف روک دیں۔


متعلقہ خبریں