111 افراد کا قاتل گرفتار


کراچی: سندھ پولیس نے اہلکاروں سمیت 111 افراد کو قتل کرنے والے مبینہ ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے ٹارگٹ کلر عبدالسلام کو سولجر بازار سے گرفتار کیا گیا اور ان پر 57 مقدمات درج تھے۔

اظفر مہیسر کا کہنا تھا کہ عبدالسلام اورنگی ٹاؤن میں سیکٹر انچارج تھا اور اس نے آٹھ پولیس اہلکاروں، پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور ایم کیو ایم (حقیقی) کے کارکنان کی ٹارگٹ کلنگ کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ عبدالسلام سیکیورٹی اداروں کو مطلوب تھا اور ان کے قبضے سے دستی بم اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کی مصباح کے قاتل کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جس سے طالبہ سے چھینا گیا موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم افغان باشندہ ہے جس نے کچرا اٹھانے سے وارداتوں کا آغاز کیا اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

ایس ایس پی ایسٹ کا کہنا تھا کہ افغان گروہ گلشن اقبال میں سرگرم تھا، ملزم کو گرفتار کرنے والی ٹیم کو 50 ہزار روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں