ٹی ٹوینٹی سیریز، سری لنکا نے پاکستان کو وائٹ واش کر دیا

ٹی ٹوینٹی سیریز، سری لنکا کا ٹاس جیت پر بیٹنگ کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: ٹی ٹوینٹی سیریز میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی۔

سری لنکا نے ٹی ٹوینٹی سیریز کے آخری میچ میں بھی پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر دنیا کی نمبر ایک ٹی ٹوینٹی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔

پاکستانی ٹیم 148 رنز کے تعاقب میں 6وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کے اوپنر بلے باز حارث سہیل 52، بابر اعظم 28، سرفراز احمد اور افتخار احمد 17 رنز بنا سکے جبکہ وہاب ریاض نے 10 رنز بنائے۔

فخر زمان صفر، عماد وسیم 3 اور آصف علی صرف ایک رن ہی بنا سکے۔

سری لنکا کے باؤلر ہاسارنگا نے اچھی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 ،لاہیرو کمارانے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ سری لنکن بلے باز فرنینڈو 78، پریرا 13 اور داسن شناکا 12 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان کے محمد عامر نے 3 جبکہ وہاب ریاض اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میچ میں 3 تبدیلیاں کی تھیں۔ احمد شہزاد، عمر اکمل اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ان کی جگہ حارث سہیل، افتخار احمد اور عثمان شنواری ٹیم میں شامل تھے۔

سری لنکا دو میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پہلے ہی سیریز اپنے نام کر چکا تھا۔

گزشتہ میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو 183 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 147 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی تھی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ مصباح الحق نے سیریز کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بطور کوچ اور سیلکٹر ٹیم کے شکست کی ذمہ داری میرے سر ہے۔ پاکستان نے بہت برے کھیل کا مظاہرہ کیا اور انتہائی شرمندگی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں 10 روز میں کچھ نہیں کر سکتا یہ وہی کھلاڑی تھے جو گزشتہ چار سال سے  کھیل رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں جیت کے لیے تھوڑا انتظار کریں، مصباح

کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترے تھے لیکن اپنے منصوبے کو عملی جامہ نہیں پہنا سکے۔ ہماری کوشش تھی کہ حارث سہیل کے ساتھ پارٹنر شپ بناتے لیکن نہیں ہو سکا۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ پیش کیا۔


متعلقہ خبریں