پنجاب اور کے پی: ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

پنجاب اور کے پی: ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

لاہور/ پشاور: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے جب کہ حکومتی اقدامات تاحال اس حوالے سے زیادہ کارگر و مؤثر ثابت نہیں ہورہے ہیں۔

وفاقی سیکریٹری صحت نے گزشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حکومتی اقدامات مؤثر ثابت ہورہے ہیں جس کی وجہ سے ڈینگی کے پھیلاؤ میں نمایاں کمی آرہی ہے۔

ڈینگی کے پھیلاؤ میں کمی آئی ہے، وفاقی سیکریٹری صحت کا دعویٰ

ہم نیوز لاہور کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب میں ڈینگی کے 204 نئے مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں لایا گیا ہے۔ رواں برس ڈینگی سے دس افراد اپنی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 140 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے جب کہ اٹک و جہلم سے دو دو اور نارووال و اوکاڑہ سے ایک ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سرگودھا سے چار، بھکر سے دو اور بہاولپور سے بھی دو نئے مریضوں کا اسپتالوں میں اندراج کیا گیا ہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق فیصل آباد سے چار، ٹوبہ ٹیک سنگھ و سرگودھا سے ایک ایک، گوجرانولہ سے دو، حافظ آباد سے تین، سیالکوٹ سے تین، منڈی بہاؤالدین سے پانچ اور میانوالی سے ایک نیا کیس سامنے آیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں ڈینگی لاروا کو تلف  کرنے اور آفزائش کو روکنے کے لیے بھرپور و مؤثر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

ڈینگی مچھر کا وار:اسلام آباد میں 6000،ملک بھر میں 24000 سے زائد مریض

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روزبھی محکمہ صحت کی ٹیموں نے صوبے کے  دو لاکھ 74 ہزار 320 ان ڈور اور سات ہزار 680 آوٹ ڈور مقامات کو چیک کیا۔

محکمہ صحت پنجاب کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر 124 کمرشل مقامات  کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جب کہ 37 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا۔ محکمہ صحت نے صوبہ پنجاب میں ایک ہزار 12 سو 19 افراد کو وارننگ بھی جاری کی ہے۔

ہم نیوز پشاور کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد چار ہزار 708 ہوگئی ہے۔ صوبے کے مختلف اسپتالوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 55 نئے مریضوں کو داخل کیا گیا ہے۔

سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پشاور سے چار،ہری پور و نوشہرہ سے 9/9، اور مانسہرہ سے چھ نئے مریضوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ پشاورکے اسپتالوں میں اس وقت ڈینگی سے متاثرہ 2120 مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔


متعلقہ خبریں