ن لیگ کا پی ٹی آئی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

ن لیگ کا پی ٹی آئی کیخلاف غیر ملکی فنڈنگ کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

فائل فوٹو


اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے پاکستان تحریک انصاف کیخلاف غیر ملکی اور ممنوعہ فنڈنگ کی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ن لیگ کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا نے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دی ہے کہ سال2014 تا 2018 تک پی ٹی آئی کے اثاثوں کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنما اکبر ایس بابر کی درخواست پر ای سی پی کی ایک سکروٹنی کمٹی پہلے ہی اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس: الیکشن کمیشن نےفیصلہ سنا دیا

پی ٹی آئی نے کمیٹی کی کارروائی لیک ہونے کیخلاف چار درخواستیں جمع کرائی تھیں جنہیں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے مسترد کر دیا ہے۔

غیر ملکی فنڈنگ کیس

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف کارکن اکبر ایس بابر نے 2014 میں ای سی پی میں غیر ملکی فنڈنگ سے متعلق کیس دائر کیا تھا۔

انہوں نے الزام لگایا تھا کہ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈز میں تقریباً 30 لاکھ ڈالر 2 آف شور کمپنیوں کے ذریعے اکٹھے کیے گئے اور یہ رقم غیر قانونی طریقے سے پی ٹی آئی ورکرس کے اکاؤنٹس میں بھیجی گئی۔

بعد ازاں پی ٹی آئی نے اکتوبر 2015 میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے بذریعہ تحریری درخواست استدعا کی کہ ای سی پی کو اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دائرہ اختیار پر جائزہ لینے کے لیے کیس کو دوبارہ ای سی پی کے پاس بھیج دیا۔

ای سی پی نے مارچ 2018 میں پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ اکاؤنٹس کے معاملات کو دیکھنے کے لیے ایک اسکروٹنی کمیٹی بنا دی تھی۔


متعلقہ خبریں