پنجاب اسمبلی میں سرفراز کو کپتانی سے ہٹانے کی قرارداد جمع

11 ناکامیوں کا بوجھ اٹھائے پاکستان آج انگلینڈ سے ٹکرائے گا

فائل فوٹو


لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی۔

ہم نیوز کے مطابق قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن ملک ظہیر اقبال کی جانب سے جمع کرائی گئی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان پاک سری لنکا ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز میں پاکستان کے وائٹ واش پر گہرے افسوس اور غصے کا اظہار کرتا ہے۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ ٹی ٹونٹی کی نمبر ون ٹیم 8ویں نمبر کی ٹیم سے سیریز ہار گئی، سری لنکن ٹیم کے نوزائیدہ کھلاڑیوں نے باآسانی تینوں میچ جیت لیے۔

متن کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کی شکست سے پاکستانی قوم میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

قرارداد میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی سے مطالبہ کیا گیا کہ وائٹ واش شکست کی تحقیقات کرائی جائیں۔

متن کے مطابق کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بطور کپتان اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام نہیں دے پائے اور وہ کپتانی کے مزید اہل نہیں لہٰذا ان کو کپتانی سے فوری ہٹایا جائے۔

چیئرمین پی سی بی سے مطالبہ کیا گیا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کسی ذمہ دار اور تجربہ کار کھلاڑی کو دی جائے جو ٹیم کو متحد رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔


متعلقہ خبریں