پیپلزپارٹی نے کراچی سے کشمیر تک احتجاجی تحریک کا شیڈول جاری کردیا

پیپلز پارٹی نے آرڈیننس لانے کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی نے کراچی سے کشمیر تک حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی پروگرام کا اعلان کردیاہے ۔ ملک بھر میں جلسے جلوس ہوں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ  چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 18 اکتوبر کو کراچی میں جلسے سے حکومت کے خلاف احتجاجی پروگرام کا آغاز کریں گے۔

پیپلزپارٹی کے  چیئرمین  23 اکتوبر کو تھرپارکر جبکہ 26 اکتوبر کو سندھ پنجاب کے بارڈر کشمور کے مقام پر احتجاجی جلسہ کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کی احتجاجی تحریک کا اگلا قدم جنوبی پنجاب ہوگا جہاں مختلف اضلاع میں جلسے اور ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے وہ وسطی پنجاب میں داخل ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: اس سال کے آخر تک حکومت کو جانا پڑے گا،بلاول بھٹو

اسی طرح  وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع میں احتجاجی پروگراموں میں شرکت کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خیبرپختونخوا میں جائیں گے۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق  خیبرپختونخوا میں مختلف احتجاجی جلسوں سے خطاب کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 30 نومبر کو آزاد کشمیر کے شہر مظفرآباد میں پارٹی کا یوم تاسیس منائیں گے۔

 


متعلقہ خبریں