سی ای سی اجلاس اور کمیٹی کی تشکیل سے متعلق میڈیا رپورٹس درست نہیں ، ترجمان ن لیگ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سی ای سی اجلاس اور کیپٹن صفدر کے بارے میں کمیٹی کی تشکیل کی میڈیا رپورٹس مسترد کردیں۔

ن لیگ کی ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ کوئی کمیٹی تشکیل دی گئی نہ ہی واقعات کا سیاق وسباق درست اور سچائی پر مبنی ہے۔ پارٹی سی ای سی سے متعلق چلنے والی خبریں من گھڑت، بے بنیاد اور افواہ سازوں کی کارستانی ہے ۔

مریم  نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف سے منسوب کردہ ”من گھڑت خبریں“ کسی کی خواہش تو ہوسکتی ہے، حقیقت نہیں، پارٹی اجلاس کی تمام کارروائی کو مسخ کیا گیا اور شہباز شریف کی گفتگو کو غلط رنگ دیا گیا۔

ترجمان مسلم لیگ ن نے کہا کہ پارٹی اجلاسوں میں قائدین اور رہنماؤں کی رائے، نقطہ نظر اور خیالات امانت ہوتے ہیں جن کا مقصد درست حقائق اور فیصلوں تک پہنچنا ہوتا ہے ۔

مریم اورنگزیب  کہا کہ پہلے بھی درخواست کی تھی کہ پارٹی موقف کی ذمہ داری ترجمان کو تفویض کی گئی ہے، قیاس آرائیوں کا مقصد شرانگیزی ہے، عوام اور پارٹی کارکنان افواہ سازوں سے ہوشیار رہیں ۔

یہ بھی پڑھیے: شہباز شریف نے دھرنے میں شرکت کی مخالفت کر دی

انہوں نے کہا کہ  بتاچکے ہیں کہ قائد محمد نوازشریف کی رہنمائی میں پارٹی فیصلے کا اعلان صدر شہبازشریف کریں گے، پارٹی کو نقصان پہنچانے کی یہ سوچی سمجھی سازش ہے جس کا پارٹی صدر شہبازشریف نے سخت نوٹس لیا ہے۔

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ سازشی عناصر مسلسل کوشش کررہے ہیں کہ پارٹی میں دراڑ ڈالی جائے، یہ سازش ہمیشہ کی طرح ناکام ونامراد رہے گی، ایسی افواہ طرازیاں سازشی ذہنیت کی عکاسی ہے۔


متعلقہ خبریں