آسٹریلیا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز، سرفراز کو کپتان برقرار رکھنے کا امکان

آسٹریلیا کیخلاف ناکامی کی صورت میں کپتانی بابر اعظم کو سونپ دی جائے گی، ذرائع

سرفراز احمد نے جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں نازیبا الفاظ ادا کیے تھے—فائل۔


لاہور: سری لنکا کے خلاف ذلت آمیز شکست کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے سرفراز احمد کو ہی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

کچھ روز قبل اختتام پذیر ہونے والی سیریز میں نمبر ون ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو سری لنکا کی کمزور ٹیم نے تین میچوں کی سیریز میں باآسانی شکست دے دی۔

ان نتائج پر پاکستانی کرکٹ شائقین نے سخت مایوسی اور برہمی کا اظہار کیا، یہاں تک کے ایک شائق کی جانب سے قذافی اسٹیڈیم کے باہر سرفراز احمد کے پوسٹر کو پھاڑنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی یہ سمجھتا ہے کہ سرفراز احمد دباؤ کا شکار ہیں تاہم یہ تاثر بھی پایا جاتا ہے کہ بابر اعظم ابھی اس منصب کو سنبھالنے کے حوالے سے ذہنی طور پر تیار نہیں۔

بابر اعظم کی بھی سیریز میں کارکردگی زیادہ متاثر کن نہیں تھی جو نائب کپتان ہونے کے باوجود تین میچوں کے دوران صرف 43 رنز ہی بنا پائے۔

سرفراز احمد بھی تین میچوں میں 24، 26 اور 17 رنز ہی اسکور کر پائے اور ان سے پاکستانی ٹیم کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

پاکستانی کپتان کی کافی عرصے سے فارم خراب ہے کئی کرکٹنگ حلقوں نے ٹیم میں ان کی جگہ پر ہی سوالیہ نشان لگادیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ اور چیف سیلیکٹر مصباح الحق کی خواہش ہے کہ ٹیم کا کپتان مستقبل بنیادوں پر بنایا جائے تاہم سرفراز کی انفرادی اور ٹیم کی کارکردگی بورڈ کو ایسا قدم اٹھانے سے دور رکھ رہی ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پاکستانی ٹیم کارکردگی بہتر بنانے میں ناکام رہی تو کپتانی بابر اعظم کے سپرد کردی جائے گی۔


متعلقہ خبریں