لاہور میں پی ایس ایل تھری کے مقابلے، ٹکٹس آج سے دستیاب


لاہور: پاکستان سپر لیگ 2018 (پی ایس ایل تھری) کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچز کی ٹکٹیں آج سے دستیاب ہوں گی۔

20 اور 21 فروری کو پی ایس ایل کے دو پلے آف میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ دو مارچ سے میچز کی ٹکٹیں ٹی سی ایس سینٹرز پر دوپہر 12 بجے کے بعد سے دستیاب ہوں گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فائنل کے انعقاد کا حتمی فیصلہ پانچ فروری کو ہوگا۔ جس کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان بعد میں ہو گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے فائنل کے لئیے ٹکٹوں کی فروخت 15 مارچ سے پہلے شروع نہ کرنے کافیصلہ کیا ہے۔ پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹ کی کم سے کم قیمت ایک ہزار روپے رکھی جائے گی۔

پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن دبئی میں کامیابی سے جاری ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

ملتان سلطانز اور پشاور زلمی  بھی چار جب کہ اسلام آباد یونائیٹڈ دو پوائنٹس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں موجود ہیں۔ لاہور قلندرز نے اب تک تین میں سے کوئی میچ نہیں جیتا ہے۔


متعلقہ خبریں