جے یو آئی ف کا دھرنا کتنے دنوں کا ہوگا؟ ہدایت نامے میں سب بتادیا گیا


لاہور:جعمیت علمائے اسلام کی طرف سے وفاقی دارالحکومت میں دھرنا کتنے روز دیا جائے گا ؟ اس بات کا انکشاف جے یو آئی ف کی طرف سے جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کردیا گیاہے۔

مولانا فضل الرحمان کے اعلان کردہ  آزادی مارچ کے سلسلے میں جے یو آئی ف نے کارکنان اور قافلوں کے شرکا کے لیے ہدایت نامہ جاری کردیاہے۔

جمیعت علمائے اسلام کی طرف سے جاری کئے گئے ہدایت نامہ میں کہا گیاہے کہ اسلام آباد کا سفر کم سے کم 4 سے 5 دنوں پر محیط ہو گا۔ کارکنان کم سے کم ایک ہفتے کے قیام کا بندوبست کر کے آئیں۔

جمعیت علمائے اسلام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کارکنان ایک بستر، کمبل اور کپڑے کے دو تین جوڑوں کے علاوہ خشک میوہ جات، چنے اور پانی بھی ساتھ لے کر آئیں،

جے یو آئی ف کے کارکنوں سے یہ بھی کہا گیاہے کہ ہر ضلعی جماعت رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک کرین اور ایمبولینس بھی ساتھ لائے،ہر گاڑی میں پینے کا پانی اور نمک موجود ہونا چاہیے۔

کارکنوں کو یہ ہدایت بھی دی گئی ہے کہ قافلے کی ہر گاڑی کے لیے ایک امیر مقرر کیا جائے اور قافلے روانہ ہونےسے قبل گاڑی میں موجود کارکنان کی ویڈیو بنا لی جائے۔

اسی طرح قومی شناختی کارڈ ساتھ لانے اور  گاڑی میں کسی اضافی سواری کو بغیر تصدیق نہ بٹھانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ یہ بھی کہا گیاہے کہ جو کارکن اپنی گاڑی سے اترے وہ زیادہ دور جانے کی کوشش نہ کرے۔

جمیعت کے  ہدایت نامہ میں یہ بھی درج کیا گیاہے کہ قافلے کے راستے میں مساجد، مدرسوں کو صاف رکھا جائے،راستے کی مساجد، مدرسوں میں پی ٹی سی ایل فون اور وائی فائی سروس یقینی بنائی جائے۔

جے یو آئی فے  نے اپنے کارکنان کو یہ ہدایت بھی خاص طور پر کی ہے کہ کسی بھی کارکن کوساتھ اسلحہ رکھنے کی اجازت نہیں ہو گی۔


متعلقہ خبریں