کے پی حکومت کا گرفتار ڈاکٹرز اور ہیلتھ ایمپلائز کی غیر مشروط رہائی کا فیصلہ


پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے گرفتار ڈاکٹرزاور ہیلتھ ایمپلائز کی غیرمشروط  رہائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 

یہ فیصلہ  آج پشاور میں سینئیر ڈاکٹرز کے نمائندہ وفد کے محکمہ صحت کے حکام کے ساتھ مذاکرات میں کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرزکے وفد نے محکمہ صحت کے حکام کو گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات سے آگاہ کیا ۔

اس ضمن میں گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) کے ترجمان کی طرف سے کہا گیاہے کہ مطالبات میں ریجنل و ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ایکٹ کی واپسی شامل ہے۔گرینڈ الائنس نے گرفتار ڈاکٹرزاورایمپلائز کی رہائی، وزیرصحت اورڈاکٹر نوشیران برکی کو ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: گرفتار ڈاکٹرز سمیت 15 افراد سینٹرل جیل مردان منتقل

ذرائع کے مطابق حکومت نے ایک مطالبہ تسلیم کرتے ہوئے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے گرفتار 15 ارکان کو رہا کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

جی ایچ اے یعنی گرینڈ الائنس کی طرف سے کہا گیاہے کہ حکومت کی جانب سے باقی مطالبات زیر غور ہیں مکمل مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ کے پی پولیس نے پشاور میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے دوران 15 ڈاکٹرز کو گرفتار کرلیا تھا۔ گرفتار کیے گئے 15 افراد کو 28ستمبر کو  سینٹرل جیل مردان منتقل کر دیا  گیا تھا۔

سنٹرل جیل منتقل ہونے والے  افراد میں ڈاکٹر عالمگیر، ڈاکٹر راحیل شہزاد، ڈاکٹر عباس خان  اور دیگر اہلکار شامل  ہیں۔


متعلقہ خبریں