کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے، ایسا ہوا تو قانون حرکت میں آئے گا،عمران خان

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے جمیعت علمائے اسلام ف  کے آزادی مارچ کے تناظر میں کہا ہے کہ کسی کو قانون توڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے،کسی نے قانون توڑا تو قانون حرکت میں آئے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں کہی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ  حکومتی ترجمان کے اجلاس میں میں جے یو آئی ف کے آزادی مارچ کا تذکرہ ہوا تو وزیراعظم عمران خان نے مذکورہ بات کی ۔

سرکاری ذرائع کا کہناہے کہ اس  موقع پر دھرنے کے شرکا سے سیاسی طور پر مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں موجود ارکان کی رائے تھی کہ مولانا فضل الرحمان کی طرف سے اعلان کردہ آزادی مارچ کا مسئلہ افہام وتفہیم سے حل ہوجانا چاہیے۔

اراکین نے اس موقع پر سوال کیا کہ کیا جے یو آئی ف سے مذاکرات کے لئے کوئی کمیٹی قائم کی گئی ہے؟اس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ کمیٹی کے قیام کی فی الحال ضرورت نہیں مگر مذاکرات کا آپشن کھلا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اگر کوئی خود بات کرنا چاہے تو دروازے بند نہیں ہیں،مدرسہ اصلاحات  سمیت اہم ایشوز پر کوئی بات کرنا چاہے تو اعتراض نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آزادی مارچ سے قبل معاملہ پارلیمنٹ میں زیر بحث لانے کی حکومتی تیاریاں

حکومتی ترجمانوں کے اجلاس میں  وزیراعظم عمران خان  نے دورہ چین پر ارکان کو اعتماد میں لیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بتایا کہ  انکا دورہ چین کامیاب رہا ہے ، مقبوضہ کشمیر مسئلے پر چین ہمارے ساتھ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: آزادی مارچ کے پیش نظر وفاقی پولیس کی چھٹیاں منسوخ


متعلقہ خبریں