چوہدری سرور اور جہانگیرترین سے اختلافات ختم، شاہ محمود

ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، وزیر خارجہ

فوٹو: فائل


ملتان:  وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور جہانگیر ترین کیساتھ تمام اختلافات ختم کر دیے ہیں۔

ملتان میں ورکرز کنونشن سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ حج پر جانے سے قبل جہانگیر ترین اور چوہدری سرور سے مل کر گئے اور اب دونوں کے لیے دل صاف ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں اللہ کو گواہ بنا کر کہہ رہا ہوں کہ میرے دل میں کسی کے لیے میل نہیں ہے۔ حج پر جانے سے قبل جہانگیر ترین سے کہا آج آپ سے جو بھی عداوت تھی ختم کرکے جارہا ہوں۔

شاہ محمود کا کہنا تھا کہ عمران خان کو مخلص اور متحد ساتھیوں کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں گروپ بندی کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں جن کی متعدد بار پارٹی نے تردید بھی کی۔

شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین گروپ کی ایک دوسرے کے خلاف’سرد جنگ‘ کی خبریں بھی منظرعام پر آتی رہی ہیں جس پر عمران خان نے سخت نوٹس بھی لیا۔

پارٹی میں گروپ بندی سے تنگ آکر پی ٹی آئی نے ایک ڈسپلنری کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق جماعت کے اندر نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور گروہ بندی کرنے والوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

پارٹی آئین میں ترمیم کے لیے دی گئی تجاویز میں جماعت میں دھڑے بازی کرنے، نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرنے اور دیے گئے ہدف پورا نہ کرنے پر کارروائی کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں