’آزادی مارچ کی بلی تھیلے سے باہر آگئی‘


اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی گفتگو کے بعد مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی بلی تھیلے سےباہر آگئی ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا ہے مولانا فضل الرحمان کا مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لیے نہیں بلکہ چوروں کی آزادی کےلیے ہے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان مظلوموں اوربے کسوں کے لیے نہیں کرپشن کے بادشاہوں  کے سیاسی و معاشی روزگار کے تحفظ کے لیے باہرنکل رہے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف سمیع اللہ اور کلیم اللہ کا کھیل کھیل رہے ہیں، کبھی گیند شہباز شریف کے پاس ہوتی ہے تو کبھی نواز شریف کے پاس مگر دونوں گول کرنے میں ناکام ہیں کیونکہ دونوں کے گول پوسٹ الگ الگ ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ آج ماڈل ٹاؤن میں ہونے والا اجلاس بھی اسی کھیل کا حصہ ہے، جانتے ہیں فضل الرحمان سیاسی حلوے کے شیدائی ہیں جس کے حصول کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرونی اور بیرونی آقاؤں کی خوشنودی کیلئے بھارت کے خلاف یوم سیاہ کے دن کو سیاست کے لیے چنا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں